Sponsored Link Spot Available — Get This Spot نئی دہلی، 17 نومبر: ممتاز شیعہ عالمِ دین و رہنما مولانا حسن علی راجانی نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے یہ دعویٰ کرنا کہ نو کروڑ ایرانی دو ارب مسلمانوں کی آزادی کے لیے امریکہ سے جنگ لڑ رہے ہیں، حقیقت کے برعکس اور گمراہ کن سیاسی بیانیہ ہے۔مولانا حسن علی راجانی نے کہا کہ ایران کی حکومت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی سیاسی، عسکری اور علاقائی پالیسیوں کو پوری مسلم دنیا کی نمائندگی قرار دے۔ دنیا کے دو ارب مسلمان مختلف ممالک، قومیتوں، مسالک اور سیاسی نظریات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان سب کی طرف سے بولنے کا اختیار کسی ایک حکومت کو حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ایران کا تنازع بنیادی طور پر دونوں ممالک کے سیاسی، عسکری، اقتصادی اور تزویراتی مفادات سے متعلق ہے۔ اسے دو ارب مسلمانوں کی آزادی کی جنگ قرار دینا درست نہیں۔ اگر ایرانی حکومت واقعی مسلمانوں کی فلاح و آزادی کی خواہاں ہے تو اسے عراق، شام، لبنان اور یمن سمیت دیگر ممالک کی خودمختاری اور عوام کے آزادانہ فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے تھا۔راجانی نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی آزادی کا مطلب کسی دوسری ریاست کا سیاسی یا عسکری اثر و رسوخ قبول کرنا نہیں بلکہ ہر ملک کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینا ہے۔ یہاں تک کہ فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم عوام کے حقوق کا دفاع بھی سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات، انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی قانون کے ذریعے ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کی شناخت کو ایرانی حکومت کی خارجہ پالیسی کے ساتھ جوڑنا بھی غلط ہے۔ دنیا بھر کے شیعہ مسلمان اپنی اپنی قومیتوں، ممالک اور معاشروں کا حصہ ہیں۔ کسی بھی حکومت کی پالیسی سے اختلاف کو شیعہ مذہب یا شیعہ عوام کے خلاف مخالفت نہیں سمجھنا چاہیے۔مولانا حسن علی راجانی نے واضح کیا کہ دو ارب مسلمانوں کی آزادی کا فیصلہ تہران میں نہیں بلکہ خود مسلمان عوام اور ان کی خودمختار ریاستوں کے ذریعے ہونا چاہیے۔ اسلام کو کسی حکومت کی سیاسی بالادستی کا جواز نہیں بنایا جانا چاہیے۔